یہ اعمال اپنی زندگی میں شامل کریں!
یہ کچھ اعمال ہیں، جنھیں آپ اپنی زندگی میں شامل کرلیںتو انشاء اللہ آپ کی زندگی بھی آسان ہو جائے گی اور موت بھی آسان ہو گی اور آخرت بھی انشاءاللہ العزیز آسان ہو گی۔
پہلا کام یہ کریں کہ پانچ وقت نماز پابندی سےادا کرنا شروع کریں اور آج ہی پکی سچی نیت کریں کہ پانچ وقت نماز ادا کریں گے ،عہد کریں کہ انشاءاللہ آج سے نماز نہیں چھوٹے گی۔اور اگر کبھی ایسا ہو کہ کوئی نماز چھوٹ گئی، نماز کاوقت گزر گیا تو آپ وقت گزرنے کے بعد بھی نماز کو پڑھ لیں ،یعنی قضا نماز ادا کرنے میں تاخیر نہ کریں ،اسےفورا ادا کریں۔
جیسا کہ بعض لوگ کہتے ہیںکہ وہ صبح فجر میں نہیں اٹھ پاتے تو بھائی جس وقت بھی آنکھ کھلے بس یہ دیکھ لیں کہ ممنوعہ وقت تو نہیں ہے؟ سورج نکلے ہوئے بیس منٹ گزرچکے ہیں؟ سورج نکلنے کے بیس منٹ کے بعد اشراق چاشت کا ٹائم شروع ہوجاتا ہے۔آپ اس وقت اٹھیں اور فورًا دو رکعت قضا نمازِفجر پڑھ لیا کریں۔ بس آپ وقت نکلنے کے باوجود بھی نماز ادا کرنا نہ چھوڑیں ،یعنی اگر آپ وقت پر نماز ادا نہیں کرسکے تو قضا نماز ادا کرنےمیںتاخیر بالکل نہ کریں۔
بعض لوگ ایسا کرتے ہیں کہ قضا نمازیں جمع کرتے رہتے ہیں اور کبھی دس پندرہ دن بعد ایک ہی مرتبہ ادا کردیتے ہیں۔ اس طرح کرنے سے نماز قضا کرنے کی عادت پختہ ہوتی چلی جاتی ہے۔آپ کی اصلاح نہیں ہوپاتی۔ لہاذا آپ بس قضا نماز بھی فورا اداکریں، چھوڑیں نہیں ،آہستہ آہستہ آپ قضا کے بجائے انشاء اللہ نماز کو مقررہ وقت پر پابندی سے ادا کرنے لگ جائیں گے۔
یہ تو ہوگئی ایک بات کہ نماز کی پابندی کرنی ہے اب دوسرا عمل یہ کہ اسی طرح نماز کے ساتھ ساتھ ایک رکوع قرآن کریم کا روزانہ پڑھناشروع کریں۔ روزانہ پڑھنا ہے ،ناغہ نہیں کرنی، جو زیادہ پڑھنا چاہے وہ اس کی مرضی ہے لیکن کم سے کم ایک رکوع تو پڑھنا ہی ہے۔ہاں اگر کبھی ایسا ہوجائے کہ ایک رکوع بھی نہ پڑھ پائیں تو اُس دن چند آیتیں ضرور پڑھیں ، وہ ضرور صبح پڑھ کے گھرنکلا کریں۔ ناغہ بالکل نہ ہونے دیں۔
یہاں ایک ضروری بات ہے ،اِسے اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ جب شروع شروع میں آپ قران مجید پڑھنےبیٹھیں گے تو آپ سے پڑھا نہیں جائے گا۔کافی مشکل لگے گا ،لیکن آپ نے پڑھنا ہے، آپ کو طرح طرح کے وسوسے آئیں گے۔آپ نے ہر طرح کے وسوسوں اور واہموں کو شکست دے کر بس قران مجید پڑھنا ہے۔ آپ دیکھیں گے کہ دوسرے دن آپ کے وسوسوں میں کچھ کمی آئی ہے وہ و سو سے نائنٹی نائن پر آگئے ہیں،تیسرے دن نائنٹی ایٹ پر، پھر چوتھے دن نائنٹی سیون پر،پھر پانچویں دن نائنٹی فائیو پر اور اسی طرح یہ کم ہوتے چلے جائیں گے اور جب سو دن آپ نے گزار دیے تو پھر آپ کا یہ حال ہوگاکہ پھر آپ قرآن پڑھے بغیررہ نہیں پائیں گے ۔ انشاء اللہ العزیز
تیسرا عمل یہ ہے کہ کچھ تسبیحات شروع کریں۔ اس کی بڑی برکتیں ہوتی ہیں میرے تمام چاہنے والے، محبت کرنے والے ،پیار کرنے والے، جتنے ہیں ان سے میری گزارش ہے کہ روزانہ کم سے کم ایک تسبیح درود پاک کی پڑھا کریں۔ نیت کریں کہ انشاءاللہ کوئی بھی درود پاک آپ کو آتا ہو اس کی ایک تسبیح روزانہ پڑھیں گے، ایک تسبیح سے مراد یہ ہے کہ سو مرتبہ۔ایک تسبیح میں سو دانے ہوتے ہیں نا وہ سو دانوں والی کم سے ایک تسبیح درود شریف کی روزانہ باقاعدگی سےپڑھیں گے ، ناغہ نہیں کریں گے۔
اس کے بعد ایک تسبیح روزانہ آپ پڑھا کریں :لا حولہ ولا قوۃ الا باللہ
اس کے بعد تیسری تسبیح استغفار کی یعنی ” استغفراللہ “پڑھا کریں۔ یہ تین تسبیحات آپ نے لازمی روزانہ پابندی سے پڑھنی ہیں۔ وقت کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ ان تسبیحات کو کسی بھی ٹائم پڑھیں ،صبح پڑھیں شام پڑھیں دوپہر کو پڑھیں وہ آپ کی مرضی ہے لیکن اس کو پڑھ لیا کریں ۔
اس کے علاوہ ایک کام اَور کریں، وہ یہ ہے کہ اگر کوئی چاہتا ہے روحانی طور پہ بہت اچھا ہو جائے اور اس کا دل لگے، اس کو ان کاموں میں مزہ آئے تو اس کو چاہیے کہ ایک کام اور بھی اپنی زندگی میںشامل کرے اوروہ ہے ”صدقِ مقال“ اور ” رزقِ حلال“۔
صدقِ مقال یعنی سچ بولنا اور رزقِ حلال یعنی حلال کھانا، زبان کو کبھی جھوٹ سے گندہ نہ کرنا اور لقمہ حرام کو کبھی حلق سے اترنے نہ دیناانشاء اللہ۔ ٹھیک ہے نا؟ توآج سے ہم یہ بھی نیت کرینگے کہ ہم سچ بولیں گے اور حلال کی کوشش کریں گے۔
ایک اور بڑی بات ہے اس راہ میں اور وہ ہے دل کی صفائی! تو اپنے دل کو بھی صاف رکھیں سب کو معاف کریں ٹھیک ہے اور اس کے ساتھ ساتھ لوگوں میں آسانیاں بانٹتے رہیں
اور آخری بات یہ ہے کہ اگر ممکن ہو تو باوضو رہا کریں یہ بہت بڑا راز ہے اگر آپ نے باوضو رہنا شروع کر دیا تو آپ کے لیے نماز پڑھنا بھی آسان ہو جائے گا ،آپ کے لیے ذکر کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔
بھئی جب وضو ختم ہو جائے دوبارہ جا کے وضو کر لیں، بس اتنا سا کام ہے۔ جب بھی منہ دھو رہے ہوں، وضو کر لیا کریں، ہاتھ دھو رہے ہوں ،وضو کر لیا کریں ، بس اپنا وضو رکھا کریں، باوضو رہا کریں، اس کی بہت برکتیں بہت زیادہ برکت ہیں تو یہ چند اعمال ہیں ان کو آپ کریں تو انشاءاللہ دنیا بھی اچھی ہو جائے گی اور آخرت بھی بہت اچھی ہو جائے گی انشاء اللہ العزیز
احقر تسلیم رضا عفی عنہ